top of page

پہلا بچہ ،نئے تجربے

  • Writer: Q.A.Saba
    Q.A.Saba
  • Nov 9, 2021
  • 4 min read

تحریر : قرۃ العین صبا

پہلا بچہ تجرباتی بچہ ہوتا ہے اسلئے کہ پہلے بچے کی پیدائش کے ساتھ والدین کی بھی پیدائش ہوتی ہے. نا تجربہ کاری ،معاشرتی دباؤ ،بہتر سے بہترین کرنے کی کوشش اور ضرورت سے زیادہ تحفظات کا شکار نئے نئے ماں باپ آزادی کے بعد ایک د م سے ذمہ داری پڑنے پہ بوکھلا جاتے ہیں۔سونے پہ سہاگہ اگر آس پاس میں اور بھی بچے ساتھ ساتھ دنیا میں آے ہوں تو ساری زندگی کے لئے مقابلے کی کیفیت میں پھنسا دیے جاتے ہیں .

ہر چند کہ یہ بات ہر طریقے سے ثابت ہو چکی ہے کہ ہر بچہ اور اسکی صلاحیتیں مختلف ہوتی ہیں اور پہلے بچے اور گھر میں دوسرے یا تیسرے نمبر کی اولاد کی سمجھ بوجھ اور نشو نما میں بے انتہا فرق ہوتا ہے لیکن کھانے پینے سے لیکر گھٹنے اور پاؤں پاؤں چلنے تک اور قد کاٹھ اور بولنے سے لیکر تعلیم اور پڑھائیوں تک لوگ موازنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے جس سے پہلے ہی بے جا تشویش سے نمٹتے ماں باپ کے لئے مزید الجھن اور مشکل کھڑی ہو جاتی ہے .

ان سے بھی زیادہ تکلیف دہ ان لوگوں کا رویہ ہوتا ہے جن کے اپنے بچے بڑے ہو چکے ہوتے ہیں اور وہ ہمہ وقت اپنی مثال دے کر یہ تاثر دیتے ہیں جیسے انکے بچے ہر لحاظ سے بہترین اوصاف کے مالک رہے ہیں جبکہ اصل بات یہ ہوتی ہے کہ نہ آپ نے وہ وقت دیکھا ہوتا ہے ، نہ آپ ان کے زمانے میں جی رہے ہوتے ہیں ،نہ انکو آپکو درپیش مسائل کا اندازہ ہوتا ہے اور نہ اُنہیں اپنی بہت سی باتیں یاد ہوتی ہیں .

پہلے بچے کو بے انتہا اچھا بنانے کی کوشش کی جاتی ہے ،اس پہ اوروں کی نسبت زیادہ روک ٹوک رکھی جاتی ہے ہر اس چیز سے بچایا جاتا ہے جس میں ذرہ برابر بھی برائی کا شائبہ ہو،برائی کے بدلے میں بھی اچھائی کی تلقین کی جاتی ہے اور سارے سنہرے اصول اس پہ لاگو کیے جاتے ہیں جن کی وجہ سے بیچارہ اتنا اچھا بن جاتا ہے کہ کافی نقصان اٹھاتا ہے الغرض پہلا بچہ "عبدالباری "ہوتا ہے (اگر آپ ابھی تک عبدالباری سے ناواقف ہیں تو آپ محروم ہیں ).

ان سب باتوں کے ساتھ ساتھ اسکے حصّے میں وہ بہت کچھ آتا ہے جو بعد میں آنےوالوں کو نہیں مل پاتا یعنی ماں باپ کی پوری توجہ اور بلا شراکت کی محبّت .اسکے لئے ہر چیز بہت چھان پھٹک اور ڈھونڈ کے لی جاتی ہے اور بساط کے مطابق ہر خواہش پوری کی جاتی ہے .پہلے بچے کے لئے کوئی بھی برتی ہوئی چیز استعمال کرتے ہوے ماں باپ کے دل کو کچھ ہوتا ہے بہت بعد میں جا کے یہ احساس ہوتا ہے کہ اسمیں کوئی مضائقہ نہیں بلکے کافی بچت ہے اور یہ مشق باقی بہن بھائیوں پہ بلا جھجھک دہرائی جاتی ہے.

کم و بیش تمام والدین ان کیفیات سے گزرتے ہیں۔ آپ نئے والدین ہیں یا پرانے یاد رکھیں کہ پیرنٹنگ کتابچے کے ساتھ نہیں آتی، دنیا کا ہر انسان مختلف ہے اور اپنے بچے کی پرورش اپنی طرز پہ اپنے زمانے کے مطابق کرنا چاہتا ہے۔

اگر آپ کو اللّٰہ نے اولاد کی نعمت سے نوازا ہے تو کچھ باتیں سمجھ لیجئے۔

اپنے بچے کو ،اُسکے مزاج کو اور اسکے روٹین کو سمجھیں، کسی اور بچے سے اُسکا موازنہ نہ کریں۔

دوسروں کے تجربات کو سننا سمجھنا اور اُن سے مدد لینے میں کوئی مضائقہ نہیں اسلیے اگر کوئی تنقید کے بجائے محبت سے آپ کو مشورہ دے تو ضرور سنیں کیونکہ اکثر لوگ بجائے مثبت طور پہ تجربات شئر کرنے کے دوسرے کو نیچا دکھاتے ہوئے خود کو رول ماڈل بنا کے پیش کرتے ہیں۔

دادی، نانی اور وہ قریبی رشتے جو آپ کے خیر خواہ ہیں اُنکی بات پہ توجہ دیں۔توازن بہُت ضروری ہے ،سننے کی بھی عادت ڈالیں۔جن کے ساتھ تعلق مثبت نہ ہوں چاہے اُنکی بات معقول ہی کیوں نہ ہو دل میں نہیں اُترتی اسلیے تعلقات میں بہتری رشتوں میں بہتری اور تربیت کے لئے پہلا قدم ہے۔

جن کے ساتھ مقابلے بازی ،تنقید اور طعنہ زنی کا رشتہ ہو وہاں خیر خواہی کی توقع کم ہی ہوتی ہے بلکہ کبھی کبھی نصیحت یا مشورہ بھی اتنے منفی انداز سے دیا جاتا ہے کہ نئی مائیں مثبت کیفیت کے بجائے گلٹ کا شکار ہو جاتی ہیں اسلیے اُنکی باتوں کو سن کے درگزر کریں دل پہ نہ لیں۔

اُن لوگوں کے ساتھ وقت گزاریں اور اپنی مشکلوں اور مسائل کا ذکر کریں جن کے بچے آپ کے بچوں کے ہم عمر ہوں ،جہاں مسائل ایک ہوں وہاں ججمنٹ کے بغیر بات کو سمجھا جاتا ہے، گفتگو مفید اور مددگار ہوتی ہے اور اکثر حل بھی نکل آتا ہے۔

بچوں کو ادب آداب ،تمیز اور قدریں سکھایں لیکن لوگوں کے تبصروں،موازنوں اور دباؤ میں آ کر اسے "پرفیکٹ" اور "بہت اچھا " بنانے کی کوشش نہ کریں.انکو بچپن کے مزے لوٹنے دیں ،کھل کے ہنسنے اور شرارتیں کرنے دیں ،بے جا ڈانٹ ڈپٹ اور خاص طور پہ مارنے سے قطعا اجتناب کریں لیکن ساتھ ہی ساتھ دوسرے طریقوں سے تربیت جاری رکھیں.

بچپن کا دورانیہ بہت خوبصورت ہوتا ہے اسے صرف آپ کے وقت کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ بہت جلدی بیت جاتا ہے۔ اپنی بہترین کوششوں اور وقت دینے کے بعد دعا کرنا کبھی نہ چھوڑیں،اللّٰہ آپ کا مددگار ہو ،آمین

Recent Posts

See All
Bonding Day

رات ہی کو بیٹی صاحبہ نے اعلان کر دیا کہ کل میں اسکول نہیں جاؤنگی، کل ہم bonding day کریں گے۔ اب یہ کیا ہے ؟ کوئی نیا دن ایجاد ہو گیا کیا؟...

 
 
 
Be Mindful

کون کس سے مل رہا ہے، کون کس سے الگ ہو رہا ہے، کس کو کس چیز کا لالچ ہے، کون اپنے گندے کپڑے چوراہے پر دھو رہا ہے یا اُتار رہا ہے۔ صحیح غلط...

 
 
 

Comments


Join my mailing list

© 2023 by The Book Lover. Proudly created with Wix.com

  • White Instagram Icon
  • White YouTube Icon
bottom of page