top of page

Mental Health

  • Writer: Q.A.Saba
    Q.A.Saba
  • Oct 13, 2021
  • 5 min read

ایک دوست نے مجھے بتایا کہ جب اُنکے گھر میں کچھ کنسٹرکشن ہو رہی تھی تو کام کے پھیلاوے اور چیزوں کے بکھیڑوں سے اُنہیں ایک میجر ایکزائٹی اٹیک ہوا جس نے اُنہیں ہسپتال پہنچا دیا ۔

ایکزائٹی کو آپ اُردو میں اُلجھن، پریشانی، یا بےچینی کہہ سکتے ہیں اور اس میں بھی کچھ شک نہیں کہ یہ اس قدر شدید بھی ہو سکتی ہے کہ آپ کے حواسوں پہ اثر انداز ہو کے آپ کو اسپتال پہنچا دے بس فرق یہ ہے کہ ہم میں سے بیشتر لوگ اس سے نا واقف ہیں۔

کیونکہ ہمارے ہاں ذہنی صحت کے بارے میں کوئی خاص بات نہیں کی جاتی تو ہم اس قسم کے سارے مسئلوں کو نخرے اور چونچلے بازی سے تعبیر کرتے۔ ہمارے ہاں لوگ بس پاگل ہوتے ہیں یا پھر اُن پہ کسی جن بھوت کا سایہ ہو جاتا ہے ،اسکا فائدہ یہ ہے کہ پیروں فقیروں کا روزگار چلتا رہتا ہے اور نقصان یہ ہے کہ مسئلہ زندگی بھر حل نہیں ہو پاتا۔

اطراف میں نظر دوڑائیں تو کئی ایسے لوگ نظر آتے ہیں جو خود بھی بے ہر دم چین رہتے ہیں اور دوسروں کو بھی پریشان رکھتے ہیں اُنہیں کہنے کا دل چاہتا ہے کہ غالباً آپ کو ایکزایٹی ہے جو قابلِ علاج ہے اور جس کے علاج کے بعد آپ کی زندگی اور آپ کے اطراف بسنے والے لوگ خاصے پرسکون ہو سکتے ہیں لیکن کہنے کی ہمت نہیں پڑتی کیونکہ عموماً ناراضگی کا خدشہ ہوتا ہے کہ پلٹ کے جو سوچ ذہن میں آتی ہے وہ یہی ہوتی ہے کہ کیا ہمیں پاگل سمجھا ہوا ہے ؟"

خیر یہ تو ایک آگاہی کی بات تھی لیکن اُن خاتون کی بات یوں سمجھ آئی جب گھر میں بیسمنٹ کا کام شروع ہوا۔ سنتے تھے کہ اگر مزدور ایک بار گھر میں گھس جائیں تو اُنہیں نکالنا مشکل ہو جاتا ہے ۔شروع شروع میں تو کچھ تیزی رہی پھر کبھی کوئی بیمار ہوگیا کبھی کسی اور کام میں پھنس گیا ، کبھی بس غائب، یہاں تو مزدور بھی ضرورت مند نہیں ہوتے بلکہ اکثر امیر ہوتے ہیں تو وہ سیٹھ اور آپ ہر لمحہ مالک ہونے کے باوجود ڈرتے ڈرتے صاحب کہ کہیں سرکار بیچ میں کام چھوڑ کے چلے گئے تو پیسہ، وقت اور محنت دونوں برباد اور پھر کسی نئے آدمی کو ڈھونڈنا ایک اور مرحلہ۔ تو بس فدویہ اچانک باقاعدہ اداس ہو گئی اور وجہ جاننے سے قاصر یہ نا معلوم اُداسی بھی ڈیپریشن اور اکزایٹی کا ایک روپ ہے۔ ہر تھوڑے دن بعد جب کام ہو پورے فلور پہ جیسے گرد کی تہ بچھ جاتی ہے، مٹی اڑنے کی وجہ سے ہیٹنگ کولنگ بند کیونکہ یہی مٹی سسٹم کے ذریعے پورے گھر میں پھیلے گی پھر ٹھک ٹھک کی آوازیں، کبھی فوجیں موڈ میں ہوں تو نیچے سے پنجابی بھنگڑے بھی سنائ دیتے ہیں۔

خزاں کا موسم سب موسموں کا مکسچر ہوتا ہے ،جس وقت باہر سردی ہو گئی سارا گھر ٹھٹھرنے لگا، گرمی ہو گئی تو کھڑکیوں کی کھل بند کا کھیل، کام کے دوران دروازے بار بار کھلتے ہیں اور کبھی سرکار اپنی طرف کا دروازہ کھلا ہی چھوڑ دیتے ہیں تو مکھیوں اور مچھروں کی موجیں ہو گئی ہیں ،گھر میں دندناتے پھرو اور تازہ تازہ خون کی دعوت عام۔

جنہوں نے کینیڈا کے مچھر دیکھے ہیں وہ یہ خطرہ بخوبی سمجھ سکتے ہیں،پہلی دنیا کے مچھر بھی تیسری دنیا سے تین گنا بڑے ہوتے ہیں اور دیکھنے میں جیسے کوئی بڑی ساری مکڑی ساتھ میں چھوٹے سائز والے بلکل فری۔ رات کو بچوں نے جب مچھروں کی محبت کے نشانات دکھانے شروع کیے تو خطرے کی شدت کا احساس ہوا ، رات کو سونے سے قبل بڑے شکار سمیت بلا مبالغہ چھ ساتھ کو ٹھکانے لگایا ظالموں سے تازہ تازہ خون بھی برآمد ہوا۔ اب یہاں گھر میں اکّا دکا کوئی بھولا بھٹکا مچھر آ جاتا ہے تو کوئی دوا بھی گھر میں نہیں رکھی جاتی یوں بھی بند گھروں میں تیز دوائیں گھر والوں کے لیے نقصان دہ ہو جاتی ہیں۔ ہم تو میز صاف کرنے والے سپرے کو ہتھیار کے طور پہ استعمال کرتے ہیں۔بچے کہتے ہیں امّاں پہلے بیہوش کرتی ہیں پھر مارتی ہیں ، اب کیا کریں مجبوری ہے وہ اسپرے بس مدھوش ہی کر سکتا ہے یوں بھی بھنگ زدہ ڈولتا ہوا دشمن قابو کرنے کا اپنا مزا ہے۔بڑے بیٹے کو ہمیشہ سے مچھر سب سے زیادہ کاٹتے ہیں کہتے ہیں کچھ لوگوں کا خون میٹھا ہوتا ہے ہمیں لگتا ہے اُسکے خون میں گڑ کی آمیزش ہے ،کراچی سے کینیڈا تک وہ ہمیشہ مچھروں کا فیوریٹ رہا ہے،کل بیچارہ کیمپنگ پہ استعمال ہونے والا رپیلر مل کے سویا۔

اس کام کی بدولت سامان اپنی جگہ پہ نہیں ،بھلا ہو ورک فروم ہوم کا ،میز پہ دس ہزار چیزیں بکھری ہوں لیکن صفائی کے نام پہ اُنہیں چھیڑنا پانی پت کو دعوت دینا ہے۔جب تک آفس نیچے ہوتا تھا نظروں سے اوجھل رہتا تھا اب اوپر کمرے میں آن بسا ہے تو کمرے کا دیدار کرتے ہوئے ہی ایکزائٹی اٹیک ہونے لگتا ہے ۔ان سب کے ساتھ باقی کام اور معمولات اپنی جگہ ۔سوچیں منتشر ہوں تو تخلیق کی کھڑکی بھی نہیں کھل پاتی اور جو اس کے ذریعے تازہ ہوا کے عادی ہو جائیں وہ گھٹن کا شکار ہونے لگتے ہیں۔

تو پھر حل کیا ہے؟ ہم نے منفی سوچیں جھٹکنے کی کوشش کی،جارحانہ انداز میں ویکیوم کیا ایک بات پھر مٹی کو شکست دینے کی کوشش کی پھر چولہا اور کچن رگڑنا شروع کر دیا (غصّے میں صفائی بہُت اچھی ہوتی ہے ٹپ نوٹ کر لیں), پھر گرم شاور اور اچھے کپڑوں سے مدد لی اُسکے بعد گرم چائے میں زیرے والے بسکٹ ڈبو ڈبو کے کھائے اور شام کو گول گپوں کا بھی اہتمام کر ڈالا تو تھوڑی طبیعت بحال ہوئی۔ پھر جناب ان سب سوچوں کو لے کے بیٹھے تو کچھ خیالات ذہن میں آئے۔

کیا یہ مسئلے ایسے ہیں کہ حل نہ ہو سکیں؟ آج نہیں تو کل یا پھر کچھ دن یا مہینہ چیزیں انشاءاللہ جگہ پہ آ ہی جانی ہیں۔ تھکن تو ہو جاتی ہے، جسم دہائی دیتا ہے، کمر صلواتیں سناتی ہے لیکن پھر مان بھی جاتی ہے سو صحت ٹھیک ہے تو الحمدلللہ ۔

ورک فرام ہوم سہی ورک تو ہے،اللّٰہ سلامت رکھے (آمین)۔ ریسیشن کے سارے دن یاد آ گئے۔

شکر ہے اسکول شروع ہو گئے، اگر اور کاموں کے ساتھ دو بڑوں کی اسکرینوں پہ نظر رکھنی پڑتی اور تیسرے کی کنڈرگارٹن کی کلاس میں سارا دن بیٹھ کے شور و غل سننا پڑتا تو کیا ہوتا؟

ایک بار کام ختم ہو جائے تو وہ صفائی کریں گے کہ مکھیاں اور مچھر اپنے سازندوں سمیت خود ہی کوچ کر جائیں اور گھر جگر جگر کرنے لگے۔

دراصل مسئلے وہ نہیں ہوتے جو حل نہ ہو سکیں۔ مسئلے وہ ہوتے ہیں جنکا حل اختیار سے باہر ہو۔ جہاں آپ کی محنت، ,وسائل،آمدنی، ذرائع، ، پیارے کوئی بھی کام نہ آ سکیں۔ جہاں لوگ آپ کی چاہنے کے باوجود مدد نہ کر سکیں۔ جہاں آپ کی ساری کوششیں بیکار ہوں۔

بس اس زاویے سے سوچنے کی دیر تھی کہ خاصا افاقہ ہوا۔

تو آپ بھی سوچیے، اپنے مسئلوں کے بارے میں۔ اگر وہ آپ کی محنت، وقت ،وسائل، پیسے اور لوگوں کی مدد سے حل ہو سکتے ہیں تو وہ بڑے مسئلے نہیں۔اب اُن سے بڑے مسئلوں کے بارے میں سوچیے جن کا حل آپ کے اختیار میں نہیں۔ اگر وہ ہوتے توکیا ہوتا؟

آپ یقیناً اچھا محسوس کریں گے۔ساتھ ہی دعا کریں کے یہ کام خیریت اور عافیت سے مکمل ہو جائے جب تک ہم بھی گرم چائے میں بسکٹ ڈبو کے خود کو بہلانے کی کوشش کرتے ہیں اور آپ چاہیں تو گول گپے ٹرائ کر کے دیکھیں۔

قرۃ العین صبا

Recent Posts

See All
Bonding Day

رات ہی کو بیٹی صاحبہ نے اعلان کر دیا کہ کل میں اسکول نہیں جاؤنگی، کل ہم bonding day کریں گے۔ اب یہ کیا ہے ؟ کوئی نیا دن ایجاد ہو گیا کیا؟...

 
 
 
Be Mindful

کون کس سے مل رہا ہے، کون کس سے الگ ہو رہا ہے، کس کو کس چیز کا لالچ ہے، کون اپنے گندے کپڑے چوراہے پر دھو رہا ہے یا اُتار رہا ہے۔ صحیح غلط...

 
 
 

Commenti


Join my mailing list

© 2023 by The Book Lover. Proudly created with Wix.com

  • White Instagram Icon
  • White YouTube Icon
bottom of page