Cricket Joy
- Q.A.Saba
- Oct 24, 2021
- 3 min read
کچھ خوشیاں بڑی ہی انوکھی ہوتی ہیں جیسے پور پور جیسےانگ انگ خوشی سب خوش ،ایک ساتھ خوش، سب کچھ بھلا کے دنیا کے الگ الگ کونوں میں ایک اسکرین کے ذریعے ایک دوسرے سے جُڑے سارے پاکستانی خوش۔ ایسی ہی ایک خوشی پاکستانیوں کے لیے کرکٹ ہے کیسی مزے کی خوشی نہ کچھ دینا نہ دلانا نہ کوئی خرچہ نہ کوئی پیسہ لیکن عوام کیلئے مفت کی بہت ساری خوشی، کھیل تو وہاں بارہ لوگ رہے ہیں لیکن پوری قوم کی نظریں لگی ہوئی ہیں اور دل جیسے اُنکے ساتھ دھڑک رہے ہیں بلکہ شاید دو قدم آگے ہی دھڑک رہے ہیں۔ نہ حسد کا ڈر نہ نظر کا خوف نہ دل برائی کا خدشہ بھرپور مناؤ اور کھل کے مناؤ بس۔ یہ خوشیاں زبردست ہوتی ہیں لیکن کم کم ملتی ہیں ایک عرصے بعد کل ایک بار پھر یہ خوشی نصیب ہوئی
کل سے بہُت پہلے ایک بار اور سب کے دل یوں ساتھ دھڑکے تھے Last ball coming up 4 runs required and That's a SIX,This is unbelievable 1986 جب شارجہ کپ میں میانداد نے آخری بال پہ چھکا مارا تھا ہم کافی چھوٹے تھے بہُت شور غلغلہ ہوا، ہر گھر میں ایک دیوانگی ایک جنوں تھا، بعد میں بہُت کہانیاں سننے کو ملیں۔ ہمارے ایک رشتے کے خالو ایک اور بزرگ کے ساتھ میچ دیکھ رہے تھے، کچھ انڈین تماشائیوں پہ کیمرے بار بار جا رہا تھا اسی میں دو انڈین خواتین بھی تھیں جو انڈیا کی متوقع جیت کی خوشی میں سرشار تھیں کیمرہ بار بار اُن پہ جاتا( ویڈیو اب بھی یو ٹیوب پہ دیکھی جا سکتی ہے )، شاہدین نے بتایا کہ آخر میں حضرات جذبات سے اتنے مغلوب ہوئے کہ "سالی" اور کچھ اور مزید کلمات کے ساتھ چپلیں اٹھا کے ٹی وی کی طرف اچھالی جانے لگیں اور پھر جب ایسے میں چھکا لگا تو گویا گھر ہی سر پہ اٹھا لیا گیا۔ کیا مزے کی صورتِ حال ہوگی۔
کل پھر 1992 یاد آگیا رمضان کے دن، ریموٹ کے تکلف کے بغیر بٹنوں والا ٹی وی، ایک چینل جو بس کرکٹ کے دِنوں میں ہی بے وقت آتا تھا ورنہ چار بجے نشریات شروع ہوتی تھی۔سحری کے بعد روزوں کے بیچ صوفوں اور فرشی بستروں پہ سارا گھر دراز دنیا مافیہا سے بے نیاز میچ میں گم اور پھر وہ دھمال کہ خدا کی پناہ، انٹرنیٹ اور اسمارٹ فون کا تو نام و نشان نہ تھا لیکن لگتا تھا کہ جیسے ہر کوئی بس خوشی کے گیت گا رہا ہے Let's see who rule the world کا ترانہ جیسے ایک جنوں بھر دیتا تھا اور لہو میں گرمائی دوڑ جاتی تھی اب بھی سنو تو اندر کا 92 والا بچہ جاگ جاتا ہے ، کچھ نغموں سے خاص یادیں جڑی ہوتی ہیں اسلیے انس ہو جاتا ہے اور سنتے ہی ذہن میں ایک فلم سی چلنے لگتی ہے یہ گیت بھی ایسا ہی ہے۔
کل بہُت عرصے بعد کچھ ایسا ہی محسوس ہوا۔ انٹرنیٹ کے دور میں ایک دوسرے کے ساتھ خوشی منانا اور بھی آسان ہوگیا ہے، پہلے صرف گھر والے ہوتے تھے اب ایک اسکرین کے رشتے سے سب مل کے ہنس لیتے ہیں اور لکھ لکھ کے خوشیاں بانٹ لیتے ہیں۔
بہُت سالوں سے اِنتظار تھا کہ کب؟ آخر کب آئے گا موقع؟ اور بلآخر آ ہی گیا اور وہ بھی ایسا کہ ہمیشہ یاد رہے گا
۔زندگی میں کوئی نہ کوئی شوق اور مشغلے رکھنا بہُت ضروری ہے کسی بھی کھیل کے ساتھ منسلک ہونا، اُسکا شوق رکھنا اور اسے دیکھنا زندگی میں ہلکا پھلکا جوش و خروش بھرنے کے ساتھ آپکو اپنوں اور دوسرے لوگوں سے تعلق جوڑنے کا ایک خوبصورت موقع فراہم کرتا ہے۔
یہ چھوٹی چھوٹی یا پھر بڑی بڑی خوشیاں زندگی میں کئی رنگ بھر کے تھوڑی دیر کے لیے سب کچھ بھلا دیتی ہیں اور جب یہ خوشیاں اجتماعی ہوں تو مزا دوبالا ہو جاتا ہے۔ اللہ ہمیں ایسی بہُت ساری اجتماعی کامیابیاں اور خوشیاں نصیب کرے، آمین پاکستان زندہ باد
قرۃ العین صبا
Comments